• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محل میں بیٹھا کورونا وائرس کا شکار شہزادہ جلسوں پر بضد ہے، فردوس عاشق اعوان

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شہزادہ کورونا کا شکار ہوکر اپنے محل میں بیٹھا ہے، پھر بھی جلسوں پر بضد ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد کورونا کا پروموٹر بن چکا ہے، جلسوں سے حکومت نہیں جائے گی لیکن کورونا ضرور گھر گھر آ رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عقل سے ناپید اپوزیشن کے جعلی لیڈروں کو صورتِ حال کا ادراک نہیں۔

اپنے بیان میں اُنہوں نے کہا کہ پشاور جلسے کے بعد کورونا کیسز بڑھ گئے لیکن انہیں احساس ہی نہیں، ملتان میں ایک بار پھر تماشا لگایا جا رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ بزدار حکومت کی اولین ذمے داری ہے، ہم ریاست کی رِٹ کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ بزدار حکومت بارہا کہہ چکی ہےکہ کورونا وائرس جیسی وباء کے دوران عوام کی زندگی پی ڈی ایم کے سیاسی بے روزگاروں کے سپرد کر کے خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔

معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسوں کی پرواہ نہیں مگر عوام کی زندگی کا تحفظ ہمیں بلاتفریق مقدم ہے، خواہ وہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں۔

تازہ ترین