• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا۔

پنجاب کے جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاد کیا گیا ہے ان میں لاہور کے 26، راولپنڈی کے 15 اور ملتان کے 7 علاقے شامل ہیں۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ 8 دسمبر تک کیا گیا ہے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے زیادہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والو علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

سیکرٹری صحت کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق لاہور کے 26 علاقوں، راولپنڈی کے 15، ملتان کے7، لیہ کے 5، سرگودھا کے 4، گوجرانوالہ کے 3، فیصل آباد کے 4، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 3 اور میانوالی کے 2 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن والے علاقوں میں شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ، نجی اور سرکاری دفاتر بند رہیں گے، انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کرسکے گا۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق میڈیکل سروسز، فارمیسی، میڈیکل اسٹور، لیبارٹریاں، اسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ ملک شاپس، چکن، گوشت کی دکانیں اور بیکریاں صبح 7 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی، گروسری اسٹورز، آٹا چکیاں، فروٹ، سبزی کی دکانیں، تندور اور پیڑول پمپس صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھل سکیں گے۔

واضح رہے کہ ایک بیان میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا تھا کہ رات کی شادیوں پر پابندی مشکل فیصلہ ہے۔ سردیوں کا موسم ہے، شادی کی تقریبات کا وقت دن 11 سے 3 بجے کر دیا گیا ہے کہ دن میں شادیاں ہو جائیں تاکہ لوگوں کا کاروبار چلے۔

معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے وضا حت کی کہ حکومت پنجاب نے رات کی شادیوں پرکوئی پابندی نہیں لگائی، شادی ہال کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے مقررہ وقت تک کھلے رہیں گے، شادی ہال سے متعلق ڈاکٹر یاسمین راشد صاحبہ کا دیا ہوا بیان انکی ذاتی رائے ہے۔

تازہ ترین