کراچی، اسلام آباد(جنگ نیوز، خبرایجنسی) کورونا وائرس کے 70 فیصد کیسز کراچی، حیدرآباد، لاہور، پشاور اور راولپنڈی سے رپورٹ ہونے لگے، گزشتہ روز ملک بھر میں مزید43اموات، 2ہزار829کیسز، مثبت کیسز کی شرح 7فیصد ہوگئی، فعال کیسز 47ہزار 390 تک پہنچ گئے، 286 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ تفصیلات کےمطابق ملک میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے کیے گئے ٹیسٹ کےنتائج مثبت آنے کی شرح 7فیصد پر پہنچ گئی،نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 ہزار 369 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 7 فیصد یعنی 2 ہزار 829 مثبت آئے،دوسری جانب کورونا وائرس کا 70 فیصد پھیلا ئوملک کے 5 بڑے شہروں کراچی، حیدرآباد، لاہور، پشاور اور راولپنڈی میں ہورہا ہے، اتوار کو اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال، اسمارٹ لاک ڈان پرعملدرآمد، آکسیجن بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کراچی، حیدرآباد، پشاور اور راولپنڈی میں تیزی سے پھیل رہاہے جب کہ وائرس کا 70 فیصد پھیلا ئو ملک کے 5 بڑے شہروں میں ہے جس میں راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، لاہور اور کراچی شامل ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2 ہزار 829 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 43 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 810 ہو چکی ہے ، 286مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 47ہزار 390ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 95 ہزار 185 ہے، ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 985 ہے۔