• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاتی امرا میں بکرے کا صدقہ، مریم نواز کوامام ضامن باندھا گیا

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کیلئے ملتان جانے سے قبل جاتی امرا میں بکرے کا صدقہ دیا گیا اور انہیں امام ضامن باندھا گیا ۔

مریم نواز کی روانگی سے قبل جاتی امرا میں ان کی رہائشگاہ کے باہر لیگی کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی ، اس موقع پر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی نہیں، بغیر کسی گناہ کے دو مرتبہ جیل کاٹ چکی ہوں لہٰذا مجھے تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں مجھے گرفتار کیا بھی گیا تو کوئی ایشو نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اپنا ذاتی دکھ چھوڑ کر ملتان کے لیے نکل رہی ہوں لہٰذا جلسہ اسٹیڈیم کے اندر ہو یا سڑک پر، جلسہ ضرور ہو گا۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر نے کہا کہ ملتان کے شہریوں سے گزارش ہے حکومت کی نالائقی کیخلاف جدوجہد تو کرنا ہی پڑے گی، ہم اس جدوجہد میں سب سے آگے ہیں تو ملتان والے بھی باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری بھی تشریف لا رہی ہیں، ملک پر مشکل آئی ہے تو بیٹیاں بھی گھروں سے باہر نکلی ہیں، اب اس حکومت کے آخری چند دن ہیں کیونکہ پولیس والے بھی اس حکومت سے تنگ آ چکے ہیں۔


مریم نواز نے کہا کہ ملک میں کہیں ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا، حکومت اور جماعت اسلامی کے جلسے ہورہے ہیں وہاں کورونا وائرس نہیں پھیل رہا ، کیا سارے ایس او پیز اپوزیشن کے لیے ہیں؟

اُن کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 تو چلا ہی جائے گا لیکن کوویڈ 18 کو نکالنا ضروری ہے۔

مریم نواز نے مزیدکہا کہ ملتان میں گرفتاریاں لاہور کا جلسہ روکنے کی وجہ سے ہو رہی ہیں، جلسہ تو ہو گا اور کامیاب بھی ہو گا۔

واضح رہے کہ ملتان کے سرد موسم میں سیاسی پارا ہائی ہے، قلعہ قاسم کہنہ باغ کو بند کرکے سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں، چوک گھنٹہ گھر جانے راستے پر 10 سے 12 کلومیٹرتک ٹریکٹر ٹرالیاں لگا کر بند کر دیا گیا ہے اور پولیس کے تازہ دم دستے چوک گھنٹہ گھر پہنچ گئے ہیں۔

پی ڈی ایم سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے قائد مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے ہر صورت ملتان میں جلسہ ہوگا، کارکن رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ پہنچیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلیاں جیالوں سے خوفزدہ ہیں، جو کرنا ہے کر لیں، 30 نومبر کو پی ڈی ایم کے ساتھ یوم تاسیس منانے سے پیپلز پارٹی کو کوئی نہیں روک سکتا۔

تازہ ترین