آئی جی پنجاب انعام غنی نے ملتان میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے جلسے کے حوالے سے سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ سیاسی سوال کا جواب نہیں دوں گا ۔
لاہور میں آئی جی پنجاب انعام غنی سندس فاؤنڈیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے لئے پہنچے تو صحافی کی جانب سے ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے میں کارکنوں کی گرفتاری کے بارے میں سوال پر آئی جی پنجاب نے سیاسی گرفتاری کے بارے میں سوال سننے کے بعد موضوع بدل دیا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب لاہور میں 13 دسمبر کو پی ڈی ایم کے جلسے پر بھی سوال گول کرگئے اور کہا کہ سیاسی سوال کا جواب نہیں دوں گا ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسر اورجوان نیکی کے اس کام میں سندس فاؤنڈیشن کے ساتھ ہیں اور خون کے عطیات دیتے رہیں گے۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے اس موقع پر تھلیسیمیا کے شکار بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے ۔