سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ کہتی ہیں کہ وہ جلد ہی مصوری میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
گزشتہ سال شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی نئی پینٹنگ کی تصویریں شیئر کی ہیں جن میں رابی پیرزادہ کو بھی ہاتھ میں برشز تھامے دیکھا جاسکتا ہے۔
ٹوئٹر پر شیئر کی نئی پینٹنگ ماں اور اولاد کے خوبصورت رشتے کی عکاسی کی گئی ہے، پینٹنگ میں ایک طرف ہتھنی اور اس کے بچے کو دِکھایا گیا ہے جبکہ دوسری طرف ایک خاتون کو اُس کی بیٹی کے ساتھ بخوبی انداز میں دِکھایا گیا ہے۔
رابی پیرزادہ نے پینٹنگ مکمل ہونے پر اللّہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’الحمداللّہ ایک اور پینٹنگ مکمل، اب جلد ہی انٹرنیشنل پلیٹ فارم پر پاکستان کو متعارف کراؤں گی۔‘
اُنہوں نے کہا کہ’آئیے اس دنیا کو دکھائیں کہ پاکستانی فنکار کتنے باصلاحیت ہیں۔‘
رابی پیرزادہ نے مزید کہا کہ’میں ان شاءاللّہ جلد ہی انٹرنیشنل نمائش میں فن کے شعبے میں پاکستان کی نمائندگی کروں گی۔‘
اُنہوں نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں اپنی پینٹنگ کی مناسبت سے حضرت رابعہ بصریؒ کا قول بھی شیئر کیا۔
رابی پیرزادہ نے قول کچھ یوں لکھا:
جب میں دنیا کے ہنگاموں سے تھک جاتی ہوں، اپنے اندر کے شور سے ڈر جاتی ہوں تو پھر میں اللّہ کے آگے جھک جاتی ہوں یا پھر اپنی ماں کی گود میں سر رکھ کے جی بھر کے رو لیتی ہوں
رابی پیرزادہ نے کہا کہ ’میں ماں کے پیار کو ایک آرٹ میں بیان کرنے کی کوشش کی ہے اور میری دُعا ہے کہ اللّہ سب کی ماؤں کو سلامت رکھے۔‘
واضح رہے کہ رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو اپنا ذریعۂ معاش بنالیا ہے، اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آتی ہیں۔