پاکستان فلم انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی اداکارہ نور بخاری نے نوجوان اداکارہ منال خان کی اور اُن کے قریبی دوست احسن محسن کی سوشل میڈیا پر زیرِگردش تصویروں کو دیکھ کر اُنہیں مشورہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ ایمن خان اور منال خان نے گزشتہ دنوں ہی کراچی میں ایک ساتھ اپنی سالگرہ منائی جس میں شوبز انڈسٹری کے نامور فنکاروں نے شرکت کی۔
سالگرہ کی تقریب میں منال خان کے قریبی دوست اور اداکار احسن محسن اکرام نے بھی شرکت کی اور دونوں کی کچھ نامناسب تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جنہیں دیکھ کر جہاں صارفین نے اُن پر شدید تنقید کی تو وہیں سابقہ اداکارہ نور بخاری نے بھی منال خان کو مشورہ دے دیا۔
نور بخاری نے کہاکہ ’مجھے واقعی منال خان اور ایمن خان بہت زیادہ پسند ہیں، اگر منال خان اور احسن محسن کی شادی ہوگئی ہے اور پھر اس طرح کی تصویریں لیکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا تو ٹھیک ہے لیکن اگر ان کی شادی نہیں ہوئی ہے اور اس کے باوجود وہ نامناسب تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کررہے ہیں تو یہ بہت غلط ہے۔‘
سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ’منال خان اور احسن محسن ایسا کرکے نوجوانوں کو گمراہ کررہے ہیں۔‘
یاد رہے کہ ایمن خان اور منال خان اپنی سالگرہ کے موقع پر دو الگ ممالک میں تھیں جس کی وجہ سے ان دونوں جڑواں بہنوں نے پہلی بار علیحدہ علیحدہ سالگرہ منائی تاہم اداکارہ ایمن خان جب پاکستان واپس آئیں تو دونوں بہنوں نے ایک بار ساتھ اپنی سالگرہ کی خوشی منائی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اداکار احسن محسن اکرام نے منال خان کی تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے اُن سے اظہار محبت کیا تھا۔
احسن محسن کے اظہارِ محبت کا جواب دیتے ہوئے منال خان نے کچھ لکھے بغیر دل والا ایموجی بنایا تھا۔
واضح رہے کہ منال خان اور احسن محسن اکرام نے ڈرامہ سیریل ’پرچھائیں‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، یہ ڈرامہ سال 2017 میں ایک نجی ٹی وی چینل سے نشر کیا گیا تھا۔
احسن محسن اکرام سے قبل منال خان کے منظور خان نامی شخص سے قریبی تعلقات تھے لیکن رواں سال ہی دونوں کی دوستی ختم ہوگئی تھی جس کے بعد منظور خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے منال خان کی تمام تصویریں ڈیلیٹ کردی تھیں۔