• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایل این جی ریفرنس: شاہد خاقان کی شیخ رشید کو بطور گواہ پہلے بلانے کی درخواست


سابق وزیراعظم اور اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو بطور گواہ طلب کرنے کی درخواست دائر کردی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران انہوں نے عدالت میں درخواست دائر کی۔

انہوں نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ گواہان کو ترتیب سے طلب کیا جائے، پہلے نمبر پر موجود گواہ کو پہلے بلایا جائے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایل این جی ریفرنس کے گواہان کی فہرست میں شیخ رشید کا نام پہلے نمبر پر موجود ہے۔


احتساب عدالت کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے شیخ رشید کا نام ریفرنس میں بطور شکایت کنندہ بھی شامل کر رکھا ہے۔

دوران سماعت احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس کے لیے ہر ہفتے ایک دن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔

احتساب عدالت کے مطابق ہر ہفتے کے دوران ایک پورا دن ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوگی جبکہ اس دوران صرف آدھے گھنٹے کا وقفہ کیا جائےگا۔

اس کے ساتھ ہی عدالت نے ایل این جی ریفرنس کی مزید سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین