• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا، رانا ثناء اللّٰہ

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما راناثناء اللّٰہ کا لاہور کے جلسے سے متعلق کہنا ہے کہ  13 دسمبر کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا، پی ڈی ایم جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔

سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللّٰہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے ہم راستے میں ہوں گے اور حکومت چلی جائے گی، لاہور کے جلسے میں ہر جماعت اپنی مکمل قوت کا مظاہرہ کرے گی، مینار پاکستان کا گراؤنڈ نا صرف بھرجائے گا بلکہ شہر کی سڑکوں پربھی کارکن ہوں گے۔

رانا ثنااللّٰہ نے مزید جلسوں کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ابھی اسلام آباد کے راستے میں ہوں گے تو حکومت چلی جائے گی، جھوٹے ریفرنس کے وعدہ معاف گواہ، کل ان کے خلاف ہوں گے، پی ڈی ایم قیادت نےحکومت کے ساتھ مذاکرات کو خارج از امکان قرار دے رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 13 دسمبر کے جلسے میں عوام رائے کا بھرپور اظہار کریں گے، اگر کوئی تصادم اور حادثہ ہوا تو تمام ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔

  رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور آئین سے وابستہ ہے، 2018ء کے الیکشن میں دھاندلی کٹھ پتلی حکومت بنانے کے لیے کی گئی، پی ڈی ایم کا مطالبہ صرف اور صرف آئین اور قانون کے مطابق ہے اور آئین اور قانون کے مطابق جمہوریت میں پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔


اُن کا کہنا تھا کہ کہ ملتان میں کارکنوں پر ظلم و تشدد کیا گیا، جب عوام سڑکوں پر نکلے تو حکومت غائب تھی، کوئی پولیس اہلکار اور کانسٹیبل بھی سڑک پر نہیں تھا، ہمیں امید ہے حکومت ہوش کے ناخن لے گی۔

تازہ ترین