• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کورونا ویکسین استعمال کی اجازت دینے والا پہلا ملک بن گیا، روسی اور چینی کمپنی بھی تیار

برطانیہ کورونا ویکسین استعمال کی اجازت دینے والا پہلا ملک بن گیا


لندن ،کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) برطانیہ نے امریکی دواساز کمپنی فائزر اور جرمن دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک کی جانب سے تیار کی جانے والی کورونا ویکسین استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے، ویکسین تمام شہریوں کیلئے دستیاب ہوگی، اس پیشرفت کے بعد برطانیہ ویکیسن استعمال کرنے کی اجازت دینے والا دنیا کا پہلا مغربی ملک بن گیا ہے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں 8لاکھ خوراکیں آنے والے دنوں میں فراہم کردی جائیں گی، اس سلسلے میں پہلے ہیلتھ ورکرز، بزرگ شہری اور پھر عام شہریوں کو ویکسین دی جائے گی ، چینی اور روسی کمپنیاں بھی ویکسین جلد مارکیٹ میں لانے کیلئے تیار ہیں ، اٹلی اور جاپان نے بھی اپنے تمام شہریوں کیلئے فری ویکسینیشن کا اعلان کردیا ہے۔

اس حوالے سے جاپان کی پارلیمنٹ نے قانون منظور کرلیا ہے،روسی صدر ولادیمر پیوٹن نے اپنے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئندہ ہفتے سے بڑے پیمانے پر ویکسینیشن شروع کردیں، ابتداء میں اساتذہ اور طبی عملے کو ویکسین دی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ روس نے اب تک 20 لاکھ کے قریب خوراکیں تیار کرلی ہیں، روس کورونا کی ویکسین بنانے کا اعلان کرنے والا دنیا کا پہلا ملک تھا جسے اسپوٹنگ وی کا نام دیا گیا تھا تاہم روسی ویکسین کا ٹرائل کسی مغربی ملک میں نہیں کیا گیا ہے۔

چینی کمپنی سینو فارم کی ویکسین بھی مارکیٹ میں بہت جلد دستیاب ہوگی ، مراکش نے چینی کمپنی سینو فارم ، آسٹریزینکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کی 20لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔

انٹرپول نے خبردارکیا ہے کہ کورونا کی ویکسین مارکیٹ میں آنے کے بعد منظم جرائم پیشہ گروہ ویکسین کی سپلائز چوری کرنے اور اپنی جعلی ویکسین بیچنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 15لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہیں جبکہ اب تک 6کروڑ 40لاکھ افراد متاثر ہوچکے ہیں،برطانیہ میں بدھ کے روز 648افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ، اسی طرح اٹلی میں کورونا سےمزید 684، میکسیکو میں 825،انڈیا میں 327، میکسیکو میں 825، پولینڈ میں 609، ایران میں 362افراد کورونا سے دم توڑ گئے۔

امریکا کے اسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش ختم ہوتی جارہی ہے ، منگل کے روز ایک ہی روز میں ایک لاکھ کے قریب نئے مریضوں کو داخل کروایا گیا ہے،امریکا میں بدھ کے روز بھی 31ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے جبکہ 521افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ملک بھر میں ویکسینیشن پروگرام شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے ہے کہ اس سے نا صرف ہماری زندگیاں بچ سکیں گی بلکہ معیشت ایک بار پھر اپنے پیروں پر کھڑی ہوجائے گی۔ 

برطانیہ نے ملک میں لاک ڈائون ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے تاہم اس کے باوجود اب بھی لاکھوں افراد پابندیوں کی زد میں ہیں اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اب بھی محتاط رہیں،دوا ساز کمپنی فائزر نے برطانیہ کی جانب سے ویکیسن کے استعمال کی اجازت کو کورونا کی وبا کے خلاف جنگ میں ’تاریخی لمحہ‘ قرار دیا ہے۔

تازہ ترین