پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیرِاعظم شہید بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ بختاور بھٹو نے سوشل میڈیا صارفین سے اپنی منگنی کی شال سے متعلق ایک اہم سوال پوچھ لیا۔
حال ہی میں محمود چوہدری سے منگنی کرنے والی بختاور بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر منگنی کی تقریب کی اپنی ایک دلکش تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ عروسی لباس میں ملبوس ہیں جبکہ کندھے پر اپنی وہ خاص شال بھی ڈالی ہوئی ہے جو اُنہوں نے منگنی کی تقریب کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کروائی تھی۔
بختاور بھٹو زرداری کی شال پر جہاں مختلف تصاویر بنائی گئیں تو وہیں اُن کی شال پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر بھی بالخصوص شائع کی گئی جس کا انکشاف بختاور بھٹو نے اپنی پوسٹ میں کیا۔
انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بختاور بھٹو زرداری نے صارفین سے پوچھا کہ’کیا آپ میری والدہ کو میری شال پردیکھ سکتے ہیں؟‘
بختاور بھٹو کے سوال پرصارفین نے جواب میں حامی بھرتے ہوئے اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب شال تیار کرنے والی ڈیزائنر ندا نے ایک نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ’بختاور بھٹو خاص طور پر چاہتی تھیں کہ ان کی والدہ اُن کے خاص دن کا حصہ بنیں لہٰذا ہم نے بہت سوچا اور آخر میں فیصلہ کیا کہ شال پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر شائع کی جائے۔‘
ڈیزائنر ندا نے کہا کہ ’اس کے لیے مجھے بہت تحقیق کرنی پڑی اور ان تصویروں کو دیکھنا پڑا جو بختاور بھٹو نے مجھے فراہم کیں، کپڑے اور دھاگے سے شال پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر بنانے سے پہلے اپنی ہم نے خاکے تیار کیے۔‘
شال کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے ندا کا کہنا ہے کہ ’شال میں دو مختلف کہانیاں دکھائی گئی ہیں۔ پہلی کہانی میں بختاور بھٹو کے ماضی کی تصاویر کڑھائی کی گئی ہیں، اُن کے والدین کی شادی کے دن کی تصویر بنائی گئی ہے جس میں ایک طرف اُن کی والدہ بیٹھی تھیں اور دوسری طرف اُن کے والد، بختاور بھٹو کو اپنے بہن بھائی کے ساتھ کھیلتے دِکھایا گیا ہے، اُن کی دادی کی تصویر بھی شائع کی گئی اور ایک میز بھی دِکھایا گیا ہے جس پر پاکستان کا جھنڈا رکھا ہوا تھا اور کتابوں کا مجموعہ تھا۔‘
ڈیزائنر ندا نے کہا کہ ’شال کا دوسرا رُخ بختاور بھٹو کی موجودہ زندگی اور اُن کے مستقبل کے بارے میں ہے کہ اُنہوں نے اپنے منگیتر سے کیسے ملاقات کی، اُن کا گھر، اُن کا باغ، اُن کے پالتو کُتّے اور اس کے بعد مرکزی پینل سورج اور آسمان کے ساتھ منسلک ہے جس پر خوبصورت چڑیاں اُڑ رہی ہیں اور دونوں اطراف کو بختاور کی دُنیا تک لے جا رہی ہیں۔‘
خیال رہے کہ بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری کی منگنی حال ہی میں بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی، منگنی کی تقریب میں 100 سے 150 مہمان شریک ہوئے، اس موقع پر بختاور اور محمود چوہدری نے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری ڈاکٹروں کے مشورے سے اسپتال سے تقریب میں شرکت کے لیے گھر پہنچے تھے جبکہ بختاور کے بھائی پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کورونا وائرس آئسولیشن کے باعث تقریب میں ورچوئلی شریک ہوئے۔
تقریب میں شریک محمود چوہدری کے اہلِ خانہ کا وفد 12 سے 15 افراد پر مشتمل تھا،اس موقع پر بختاور بھٹو اور محمود چوہدری نے روایتی مشرقی لباس زیب تن کیا۔