• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین سیاسی معرکے میں مردوں سے 2 قدم آگے بڑھیں، مریم نواز


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین سیاسی معرکے میں مردوں سے دو قدم آگے بڑھ کر کردار ادا کریں۔

لاہور میں خواتین ارکان پارلیمان اور پارٹی عہدیداران سے ملاقات میں مریم نواز نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنت (پی ڈی ایم) کے 13 دسمبر کے جلسے سے متعلق مشاورت کی۔

انہوں نے خواتین کو لاہور کے جلسے میں بھرپور شرکت کی دعوت دی اور کہاکہ خواتین ملک کی خوشحالی کے اس فیصلہ کن مرحلے میں تاریخی کردار ادا کریں۔


ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کی تباہی اور بیروزگاری سے گھریلو زندگی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے جبکہ عوام ہماری طرف دیکھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مردوں سے دو قدم آگے بڑھ کر خواتین سیاسی معرکے میں بھرپور کردار ادا کریں گی، فیصلہ سازی اور حکمت عملی کی تیاری میں خواتین کے کردار کو مزید بڑھائیں گے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی 50 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، انہیں نظرانداز نہیں کیاجاسکتا، پی ڈی ایم کی عوامی تحریک کی کامیابی میں خواتین کا بڑا کردار ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کا جذبہ قابل رشک اور کامیابی کی نوید ہے، خواتین عہدیداران، کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ اُن کی والدہ بیگم کلثوم نواز نے دور آمریت میں پاکستان کی سیاست میں تاریخی کردار ادا کیا، خواتین مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے جذبے سے آگے بڑھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ایک گھر ہے، خواتین اس کا ایک ہم حصہ ہیں، آج پورے گھر اور اس کے ہر فرد نے قائد نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔

تازہ ترین