سابق وزیراعظم اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے اس تاثر کو مسترد کردیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کی تحریک کسی کو ہٹانے کی جدوجہد ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک اور اس کی جدوجہد کسی کو ہٹانے کے لیے نہیں بلکہ عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت نام نہاد جمہوریت ہے، یہ اقتدار کی نہیں بلکہ عوام کے مسائل کے حل کی جدوجہد ہے، اپوزیشن کی اس تحریک میں ن لیگ سب سے آگے ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مشکلات کی وجہ 2018ء کا الیکشن ہے، انتخابات پر ڈاکا ڈالا گیا، اس کا حساب لینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نظام بدلنا چاہتے ہیں، ملک میں آئین کی بالادستی چاہتے ہیں، اس حوالے سے لاہور کا جلسہ تاریخی ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ ملتان میں حکومت نے ہماری سیکڑوں کارکنوں کو روکا اس کے باوجود ہم نے تاریخی جلسہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت آئی تو ملک میں 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت نے وقت پڑنے پر قربانی دی، جب جیل جانےکی باری آئی تو نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز جیل گئے۔