• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ لوگ ارشد ملک جیسے جج تیار کرتے ہیں: رانا ثناء

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر اور سابق صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناء اللّٰہ کہتے ہیں کہ یہ لوگ ارشد ملک جیسے جج تیار کرتے ہیں، اسپیشل کورٹس سے کسی کو انصاف نہیں مل سکتا۔

لاہورکی انسدادِ منشیات کی خصوصی عدالت میں منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت کے سلسلے میں مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ پیش ہو گئے۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ملک صاحب فوت ہو چکے ہیں، اب ان کے حوالے سے بات نہیں کرنی چاہیئے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ میرے خلاف بیان دلوانے کے لیے کئی لوگوں کو پکڑا گیا، انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام لوگوں نے پوچھ گچھ میں میرے حق میں بات کی، یہ لوگ پوری دنیا میں میری ایک روپے مالیت کی جائیداد منظرِعام پر نہیں لا سکے۔

صدر نون لیگ پنجاب نے کہا کہ میرا تو قومی اسمبلی کا اکاؤنٹ تک منجمد کر دیا گیا ہے، 13 دسمبر کو ان شاء اللّٰہ لاہور میں جلسہ ضرور ہوگا۔

ان کا حکمرانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہنا ہے کہ آپ کورونا وائرس سمیت جہاں مرضی چھپیں، ہم آپ کوجیل بھیج کر ہی دم لیں گے۔



رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے فیصلے پر اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن پر عمل کیا جائے گا، گوجرانوالہ اور ملتان کے جلسے ہو گئے تو کورونا وائرس وہاں سے بھاگ گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسا کورونا وائرس ہے جو جلسوں سے پہلے آتا ہے، بعد میں بھاگ جاتا ہے، ہم بنی گالہ میں چھپے کورونا وائرس کو بھگا کر دم لیں گے۔

نون لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں ورکرز کنونشن کے بعد 2 مقدمات درج کیئے گئے، اندازوں پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مقدمات درج کیئے گئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں اجتماعی استعفوں کی تجویز دی ہے، پی ڈی ایم فیصلہ کرے تو مسلم لیگ نون استعفے دینے کو تیار ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف بہت بہتر انداز میں لندن سے قیادت کر رہے ہیں، ریلیوں، استعفوں سمیت کسی معاملے پر مسلم لیگ نون میں کوئی اختلاف نہیں۔

دوسری جانب لاہور کی انسدادِ منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے آج ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے وکلاء کو دلائل دینے کا حکم دے رکھا ہے۔



دورانِ سماعت عدالت میں رانا ثناء اللّٰہ سمیت 5 ملزمان نے حاضری مکمل کروائی۔

عدالت نے رانا ثناء اللّٰہ کے وکیل سے استفسار کیا کہ رانا ثناء اللّٰہ کی متفرق درخواست پر آپ کا کیا مؤقف ہے؟

وکیل نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کے وقت لوگوں سے زبردستی بیان قلم بند کیئے گئے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اے این ایف سے ان لوگوں کے بیان کی کاپیاں فراہم کرنے کی استدعا کی ہے۔

عدالت نے رانا ثناء اللّٰہ کے وکیل کو مکمل ناموں والی درخواست جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 11 بجے تک ملتوی کر دی، جبکہ رانا ثناء اللّٰہ کو جانے کی اجازت دے دی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے روسٹرم پر آکر بیان دیا کہ فیصل آباد میں منشیات فروشوں کو میرے خلاف بیان پر اکسایا گیا ہے۔

سابق صوبائی وزیرِ قانون اور مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ پر 15 کلو گرام منشیات اسمگل کرنے کا الزام ہے۔

تازہ ترین