• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نیازی نے سیاسی رواداری کا جنازہ نکال دیا: رانا ثناء اللّٰہ


مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سیاسی رواداری ہمارے معاشرے کا خاصہ تھی، مگر عمران نیازی نے سیاسی رواداری کا جنازہ نکال دیا ہے۔

لاہور میں مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بات کہی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ رواداری کا کلچر ہمارے معاشرے کی بنیاد ہے، جو لوگ تعزیت کیلئے آئے، اسے صرف رواداری تک محدود رکھا جائے، رواداری کے جذبے کو کوئی اور معنی نہیں پہنانا چاہیئے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 13 دسمبر کا جلسہ ہوگا اور یہ جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔

نون لیگ پنجاب کے صدررانا ثناء اللّٰہ صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ ملاقات کے لیے آئے تھے۔

والدہ کے انتقال کے باعث پیرول پر رہا کیئے گئے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز آج پیرول ختم ہونے پر کوٹ لکھپت جیل واپس جائیں گے۔


شہباز شریف اور حمزہ شہباز 27 نومبر کو 4 بجے 5 روزہ پیرول پر رہا ہوئے تھے، پنجاب حکومت نے کل ان کی پیرول پر رہائی میں 24 گھنٹےکی توسیع کر دی تھی۔

مسلم لیگ نون کی جانب سے محکمۂ داخلہ پنجاب کو میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ میاں نواز شریف و شہباز شریف کی والدہ انتقال کر گئی تھیں، جن کی تدفین میں شرکت کے لیے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔

تازہ ترین