چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب کی چئیرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں تشدد کا نشانہ بننے والی بچی کے والدین کا ابھی پتا نہیں چل رہا ہے اور بچی بھی لاپتا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سارہ احمد کا کہنا تھا کہ پولیس کے ساتھ مل کر بچی کو تلاش کیا جارہا ہے۔ جس کےبعد بچی کو تحویل میں لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بچی پر تشدد کی اطلاع چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ہیلپ لائن 1121 پر دی گئی تھی جس پر ادارے نے ایکشن لیا۔
واضح رہے کہ فیصل آباد میں بچی پر سرعام بے رحمانہ تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔
منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کم عمر بچی کو مرد اور خواتین نے تھپڑ مارے بالوں سے پکڑ کر کھینچا، دھکے دیئے اور سڑک پر بھی پھینکا۔
کم عمر بچی پر تشدد کا مقدمہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
ایس ایچ او مدینہ ٹاؤن کے مطابق بچی پر تشدد کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔