پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ لاہور میں نواز شریف کے لیے جو محبت ہے وہ کسی اور لیڈر کے لیے نہیں ہے، 13 دسمبر کو ایک بار پھر لاہور کا امتحان ہے۔
لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف نے وہ بات کی جو 70 سال میں کوئی نہ کرسکا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں بےروزگاری بڑھ گئی اور معیشت کو تباہ کردیا گیا، پی ڈی ایم کی جدوجہد مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اختلاف ان سے ہے جو آئین کو توڑتے ہیں، 13 دسمبر کو ثابت کرنا ہے کہ لاہور جاگ رہا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نون لیگ پر الزام ہے کہ وہ جیل نہیں جاتے، آج نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز جیل کاٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آئین اور ووٹ کی عزت کی بات کرنی ہے، ہم نے 2018 میں ووٹ کی عزت کی بات کی ہوتی تو آج حالات مختلف ہوتے، جب تک آئین کے راستے پر نہیں چلیں گے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔