• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن میں کمی کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن کی کمی کے  معاملے کی رپورٹ سامنے آگئی ہے، خیبر ٹیچنگ اسپتال سروس لائن کے منیجر عامر خان نے  رپورٹ پیش کردی۔

 رپورٹ اسپتال میں آکسیجن کی کمی سے پیش آنے والے واقعہ سے متعلق نکات پر مشتمل ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5 دسمبر کو رات 12 بجکر 40 منٹ پر مین او ٹی سے آکسیجن میں کمی سے متعلق کال موصول ہوئی۔

 رپورٹ میں کہا گیا کہ  آکسیجن روم میں وحید نامی اہلکار ڈیوٹی پر مامور تھا، مگر کسی نے فون موصول نہیں کیا، آکسیجن روم میں اس وقت کوئی بھی موجود نہیں تھا۔

اسپتال کی رپورٹ میں کہا گیا کہ آکسیجن روم میں مریضوں کے تیماردار داخل ہوئے جنہوں نے مریضوں کو آکسیجن کی کمی اور مریضوں کی حالت غیر ہونے کی فریاد کی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ  آکسیجن پلانٹ کے سپروائزر نعمت نے بتایا کہ آکسیجن ٹینک بالکل خالی ہے، نعمت خان کے مطابق ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے دیئے گئے 100 آکسیجن کے سلنڈرز موجود ہیں۔


 رپورٹ میں کہا گیا کہ اسپتال کے تمام ملازمین نےان سلنڈرز کو آئسولیشن وارڈ پہنچایا، آکسیجن اسٹور کے تالے توڑ کر وہاں مزید 20 سلنڈر بھی آئسولیشن وارڈ پہنچائے گئے۔

 رپورٹ میں کہا گیا کہ  کچھ مریضوں کو ان کے اپنے رشتہ دار دوسرے اسپتال لے گئے، 14 مریضوں کو ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ منتقل کیا گیا۔

اسپتال کی  رپورٹ کے مطابق رات 3 بجکر 15 منٹ پر آکسیجن کی ترسیل والی گاڑی اسپتال پہنچی، گاڑی پہنچنے کے بعد آکسیجن کے سلنڈرز اس سے بھر لئے گئے، مریضوں کو آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا۔

اسپتال ڈائریکٹر نے رپورٹ چیئرمین انکوائری کمیٹی کو بھیج دی۔

تازہ ترین