حال ہی میں منگنی کرنے والی سابق وزیرِاعظم شہید بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو نے اپنے والد کو اپنی کُل کائنات قرار دے دیا۔
اس حوالے سے بختاور بھٹو زرداری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے والد آصف زرداری کی تصویر شیئر کی ہے۔
مذکورہ تصویر بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب کے دوران لی گئی تھی جبکہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آصف زرداری کے ہاتھ میں اُن کی صاحبزادی اور داماد محمود چوہدری کی منگنی کی انگوٹھیاں ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں آصف زرداری نے پینٹ کوٹ زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ وہ اپنی صاحبزادی کے اس خاص دن پر بےحد خوش نظر آرہے ہیں۔
بختاور بھٹو نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’میرے والد میری کُل کائنات ہیں۔‘
اُنہوں نے اپنے والد کی تندرستی سے بھرپور زندگی کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ آپ کو ہمیشہ سلامت رکھے اور آپ کو اچھی صحت عطا کرے۔‘
بختاور بھٹو نے چند گھنٹے قبل ہی انسٹاگرام پر باپ بیٹی کے خوبصورت رشتے کو بیان کرتی یہ پوسٹ شیئر کی ہے جس پر اب تک 20 ہزار سے زائد لائکس آچکے ہیں جبکہ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری کی منگنی حال ہی میں بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی، منگنی کی تقریب میں 100 سے 150 مہمان شریک ہوئے، اس موقع پر بختاور اور محمود چوہدری نے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری ڈاکٹروں کے مشورے سے اسپتال سے تقریب میں شرکت کے لیے گھر پہنچے تھے جبکہ بختاور کے بھائی پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کورونا وائرس آئسولیشن کے باعث تقریب میں ورچوئلی شریک ہوئے۔
تقریب میں شریک محمود چوہدری کے اہلِ خانہ کا وفد 12 سے 15 افراد پر مشتمل تھا،اس موقع پر بختاور بھٹو اور محمود چوہدری نے روایتی مشرقی لباس زیب تن کیا۔