• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کو استعفیٰ مانگنے سے دینے تک کا سفر مبارک ہو، فردوس اعوان


وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ مانگنے والے اپنے استعفے دینے تک آگئے ہیں، انہیں یہ سفر مبارک ہو۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) وزیراعظم کا استعفیٰ لینے نکلا تھا، اب بات ان کے اپنے استعفوں تک آگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیروزگار سیاستدان عوام کو کورونا وائرس کی بھٹی میں جھونکنے کے لیے بے چین ہیں اور حکومت کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہی ہے۔


وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ نادان اپوزیشن اتحاد لاہور میں سیاسی آلودگی پھیلانے میں مصروف عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا لاہور کا جلسہ بھی ملتان جلسے کی طرح ناکام ہوگا، اس کھوکھلی تحریک کی ملتان میں پہلے ہی موت واقع ہوچکی ہے۔

فردوس اعوان نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بنائے گئے ضوابط (ایس او پیز) کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کیسز اور اموات کی شرح جون 2020 کی طرح ہورہی ہے، صوبے میں وبا کا گراف اوپر جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا ایس او پیز پر ہر حال میں عمل کیا جائےگا، اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کوسزائیں نہیں دی جارہی تھیں، اب یہ تجویز بھی زیر غور آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کے فیصلے اور تجویز این سی او سی میں پیش کریں گے۔

تازہ ترین