• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


لاہور میں مسلم لیگ نون کی رہنما اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کے ریلی نکالنے پر لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف پرچے کٹ گئے۔

درج کیئے گئے مقدمات میں مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چوہدری، مریم اورنگزیب سمیت 43 نامزد اور 600 نامعلوم افراد کے خلاف کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 7 مقدمات درج کیئے گئے ہیں۔

تھانہ مصری شاہ کے علاقے میں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ ارشد علی پٹواری حلقہ کھوئی میراں کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق لاہور کے چوک کاچھو پورہ میں 120 افراد کو اکھٹا کیا گیا، ارشد بٹ نامی شخص کے علاوہ وسیم خان، نوید سرور، قیوم ڈار نے ان لوگوں کا اکھٹا کیا تھا۔

ایف آئی آرمیں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان تمام افراد کی جانب سے کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی۔

دوسری جانب لاہور جلسے اور آئندہ لائحہ عمل کی تیاری کے لیے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو رہاہے۔

اسلام آباد روانگی کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما نون لیگ مریم نواز کہتی ہیں کہ آج کا اجلاس اہم ہے، سارے آپشنز زیرِ غور ہیں۔

تازہ ترین