موسم سرما کے آتے ہی کیفین پر مشتمل مشروبات کے استعمال میں اضافہ ہوجاتا ہے، جہاں کیفین کے استعمال کے کئی فوائد ہیں وہیں اسے ترک کرنے کی صورت میں مجموعی صحت پر مثبت اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔
ماہرین غذائیت کے مطابق کیفین یعنی چائے، کافی، چاکلیٹ کی تاثیر گرم ہونے کے سبب ان کا استعمال سردیوں میں عوام کی جانب سے بڑھا دیا جاتا ہے اور ان سے صحت پر آنے والے نقصانات کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے جبکہ ان مشروبات کے استعمال کے بہت سے فوائد بھی حاصل ہیں جن میں الزائمر جیسی بیماری کے لاحق ہونے کے امکانات میں کمی شامل مگر ان کے مقابلے میں نقصانات کی فہرست زیادہ لمبی ہے۔
ماہرین کے مطابق کیفین کا اپنی روٹین میں اچانک سے سے استعمال زیادہ بڑھا دینے کے نتیجے میں مندرجہ ذیل نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذہنی دباؤ میں اضافہ
کیفین کے استعمال سے ہمارے اندر اچانک سے انر جی آ جاتی ہے جس کی صورت میں انسانی جسم میں موجود ’ فلائٹ اور فلائٹ‘ نامی ہارمون میں تیزی آ جاتی ہے اور ہم ذہنی اضطراب کا شکار ہو جاتے ہیں ۔
اس صورت میں خون تیزی سے جسم میں گردش کرتا ہے اور’نروس سسٹم‘، ہارٹ اٹیک اور پینک اٹیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جو افراد میں پہلے سے ہی ہائپر ٹینشن یا خون کی تیز گردش کا شکار ہیں انہیں کیفین کے استعمال سے اجتناب کرنا چاہیے۔
کیفین کا استعمال ترک کرنے سے بلڈ پریشر نارمل سطح پر رہتا ہے جبکہ ایک دن میں 3 سے 5 کپ کے استعمال سے دل کے امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
پر سکون نیند میں کمی
کیفین کے استعمال سے نیند متاثر ہو سکتی ہے، رات میں اس کے استعمال سے آپ دماغی طور پر پُر سکون ہونے کے بجائے مزید جاگ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں جسم اور دماغ کو پر سکون ہونے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس صورت میں آپ رات کو نیند لے کرصبح پُر سکون اُٹھنے کے بجائے مزید تھک جاتے ہیں۔
رات میں اگر آپ کسی بھی شکل میں کیفین لینا چاہتے ہیں تو سونے سے 6 گھنٹے پہلے اس کا استعمال کر لیں۔
غذا کے ہضم ہونے میں وقت زیادہ لگنا
اگر آپ کیفین کے عادی نہیں ہیں یا اس کا استعمال نہیں کرتے تو آپ کا جسم غذا میں موجود وٹامنز اور منرلز ( کیلشیم ، آئرن، وٹامن بی ) کو صحیح طریقے سے ہضم اور اس کا استعمال کرتا ہے جبکہ موسم سرما میں اس کا استعمال بڑھا دینے کی صورت میں پیٹ سے متعلق شکایات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
پیلے، داغ دار دانت
چائے اور کافی یعنی کیفین میں موجود ایسڈک اجزاء سے دانتوں کی سفید چمکدار پرت متاثر ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں دانتوں پر داغ دھبے پڑ جاتے ہیں جو نہایت بد نما نظر آتے ہیں، اس کے استعمال کو ترک کرنے سے آپ کے دانت صاف شفاف اور چمکدار رہتے ہیں۔
خواتین میں ہامونز کا غیر متوازن رہنا
کیفین چھوڑنے یا اس کے استعمال میں کمی لانے کا فائدہ خواتین کو زیادہ ہوتا ہے، اس کے استعمال کو ترک کرنے سے خواتین میں موجود ’ ایسٹروجن ‘ ہارمون کے مسائل سے چھٹکارہ مل جاتا ہے، 2012 میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق 200 ملی گرام یعنی 2 کپ چائے پینے کے نتیجے میں خصوصاً ایشیا اور سیاح فام خواتین میں ایسٹروجن کا لیول نہایت کم سطح پر پہنچ جاتا ہے۔ جس سے بہت سے مسائل مثلاً بریسٹ کینسر، اوورئین کینسر سمیت دیگر انتہائی خطرناک مسائل جنم لے سکتے ہیں، اگر اس کے بر عکس اس کا استعمال روک دیا جائے تو صحت بہتر اور زندگی آسان ہو جاتی ہے۔
دماغی کارکردگی کا متاثر ہونا
کیفین کا استعمال براہ راست آپ کے مزاج پر اثر انداز ہوتا ہے، تحقیق سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ کیفین دماغ کے لیے کوکین جیسے نشے کا کردار ادا کرتی ہے۔
جو افراد کیفین کا استعمال نہیں کرتے وہ دوسروں کے لحاظ سے کافی ٹھنڈے مزاج کے ہوتے ہیں، اگر آپ نے بھی کافی یا چائے چھوڑنے کا سوچ لیا ہے تو اس بات کو پہلے ذہن نشین کر لیں کہ آ پ کو شروع میں مزاج سے متعلق مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔
جِلد کا جَلد بوڑھا ہو جانا
کیفین کے استعمال سے جلد پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جن میں جلد پر وقت سے پہلے جھریوں کا نمودار ہو جانا شامل ہے، اسی کے بر عکس اگر کیفین کا استعمال نہ کیا جائے تو آپ کی جلد پر طویل العمری کے اثرات دیر سے آتے ہیں، جلد صاف شفاف اور جوان نظر آ تی ہے۔