• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استعفوں اور لانگ مارچ کیلئے ن لیگ تیار ہے، رانا ثناء اللّٰہ


مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا ہے کہ استعفوں اور لانگ مارچ کے لیے ن لیگ تیار ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللّٰہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جلسے کے شرکاء کو گاڑیوں میں آنے سے روکا گیا اور انہیں کرسیاں بھی نہیں لانے دی گئیں۔

رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ حکومت کے تمام اقدامات کے باجود عوام نے پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کی، بے پناہ مقدمات درج کیے گئے اور کورونا وائرس پروپیگنڈا کے باوجود عوام نے پی ڈی ایم کا بھرپور ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ اُمید ہے ن لیگ کی سی ای سی پی ڈی ایم کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، اس نالائق اور نااہل ٹولے کو آخری دھکا دینے کے لیے سب اسلام آباد پہنچیں گے۔

رانا ثناء نے کہا کہ آر یا پار سے مراد جلسہ تھا، حکومت پورا زور لگا رہی تھی کہ جلسہ نہیں ہونے دینا، ایک استعفے اور دوسرا فیصلہ کن لانگ مارچ کا آپشن ہے، لانگ مارچ جنوری میں ہو یا فروری میں بھرپور طریقے سےشامل ہوں گے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ لاہور بھی نکلا اور باہر سے بھی لوگ جلسے میں آئے، ایجنسیوں کی کل کی رپورٹ 40 ہزار تھی جبکہ رپورٹ سے دو تین گنا زیادہ لوگ ہوتے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ن لیگ کے ارکان استعفے قیادت کو جمع کرادیں گے، حکومت پورا زور لگارہی تھی کہ جلسہ نہیں ہونے دینا لیکن پی ڈی ایم نے تمام رکاوٹوں کے باوجود جلسہ کیا۔

رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ بہت سارے لوگ پنڈال میں نہیں پہنچ سکے، پنڈال سے زیادہ لوگ باہر بیٹھے تھے۔

تازہ ترین