• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کی نااہلی کے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی عدم دستیابی پر مقدمات کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی، کاز لسٹ کی منسوخی پر فیصل واؤڈا نااہلی کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔

رجسٹرار آفس کی جانب سے فیصل واؤڈا نااہلی کیس کی نئی تاریخ مقرر کی جائے گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل واؤڈا سے آج تک جواب طلب کر رکھا تھا۔

فیصل واؤڈا کے نئے وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے عدالت سے آج تک کا وقت لے رکھا تھا۔

فیصل واؤڈا پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت چھپانے کا الزام ہے۔


درخواست گزار کے مطابق فیصل واؤڈا نے دہری شہریت نہ رکھنے کا جھوٹا بیانِ حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرایا، فیصل واؤڈا کاغذاتِ نامزدگی جمع کراتے وقت امریکی شہری تھے۔

درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جھوٹا بیان حلفی داخل کرانے پر فیصل واؤڈا صادق اور امین نہیں رہے، لہٰذا بطور رکنِ اسمبلی انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

تازہ ترین