• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کا کیس فی الفور لگایا جائے، عطا تارڑکا مطالبہ


مسلم لیگ ن نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈا کا کیس فی الفور لگانے کا مطالبہ کردیا۔

ن لیگ کے رہنما عطا اللّٰہ تارڑ نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کا کیس فی الفور لگایا جائے۔

  لاہور میں شاہدرہ تھانے آمد پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء تارڑ نے انکشاف کیا کہ فیصل واؤڈا ن لیگ کے لوگوں سے اُن کے خلاف دائر کیس واپس لینے کا کہہ رہے ہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ فیصل واؤڈا بے نامی اثاثے اور دہری شہریت رکھتے ہیں، اُن کا کیس کیوں کر واپس لیا جائے؟۔

 ن لیگ کے رہنماؤں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد محمد زبیر اور عطاء اللّٰہ تارڑ گرفتاری کے لیے شاہدرہ تھانے پہنچ گئے۔

محمد زبیر کا کہنا تھا ہمارے آنے سے پہلے تفتیشی افسر ہی غائب ہوگیا۔

عطاء اللّٰہ تارڑ بولے کہ یہ واحد مقدمہ ہے  جس میں انچارج انویسٹی گیشن کا فون بند ہے، مدعی دو دن سے غائب ہے، گرفتاری نہیں بنتی تو مقدمہ خارج کریں۔

نون لیگ کا عمران خان کیخلاف پرچہ کٹوانے کا اعلان

 مسلم لیگ نون نے وزیرِ اعظم عمران خان کےخلاف پرچہ کٹوانے کا اعلان کر دیا۔

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ عمران خان نے درج کرایا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نےکہا کہ غداری اور حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ نہ بانٹیں، عوامی مسائل حل کریں، میں بھی لاہور میں شاہدرہ تھانے میں پرچہ درج کرانے جاؤں گا، میرا پرچہ عمران خان کے خلاف ہوگا۔


انہوں نے کہا کہ 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی رات نواز شریف سمیت دیگر پر غداری کا مقدمہ درج ہوا، وزیرِ اعظم سمیت حکومتی نمائندوں کو علم ہی نہیں کہ مقدمہ کون درج کرا گیا۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزراء جتنی بھی کہانیاں بنائیں سابق ڈی جی ایف آئی اے کے انکشافات دلیل ہیں کہ ان کارروائیوں کے پیچھے عمران خان ہیں۔


تازہ ترین