• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی کا فیصلہ یکدم نہیں لیا، برسوں دعائیں مانگیں: ثناء خان

اسلام کی خاطر بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان نے شادی کے حوالے سے کہا کہ مفتی انس سے شادی کا فیصلہ یکدم نہیں لیا بلکہ  میں نے اس جیسے انسان کے لیے برسوں دعائیں مانگی ہیں۔

سابقہ بھارتی اداکارہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اسلام کی طرف راغب ہونے اور شادی کے حوالے سے کھل کر بات چیت کی۔

انہوں نے بتایا کہ شوہر سید انس سے پہلی ملاقات  2017 میں مکہ میں ہوئی تھی پھر ثناء خان نے 2018 کے آخر میں ان سے دوبارہ رابطہ کیا کیونکہ اُن کے ذہن میں مذہب کو لے کر چند سوالات تھے۔

ثناء خان نے شادی کے بارے میں بتایا کہ میں نے انس کے ساتھ شادی کرنے کافیصلہ راتوں رات نہیں لیا بلکہ میں نے اپنی زندگی میں انس جیسے انسان کے لیے برسوں دعائیں کی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ مجھے انس میں جو بات سب سے زیادہ پسند ہے وہ یہ کہ وہ ’شریف‘ ہیں اور ’ان میں حیا ہے‘۔ وہ دوسروں کو جج نہیں کرتے۔

ثناء خان نے کہا کہ انہوں نے مجھ سے کہا تھا اگر کوئی اچھی چیز گٹر میں گرجائے تو اس کے اوپر آپ 10 بالٹی پانی ڈال دو وہ صاف نہیں ہوتی لیکن اس کو گٹر سے باہر نکال کر ایک گلاس پانی ڈال دو وہ صاف ہوجاتی ہے ۔ ان کی اس بات نے مجھ پر گہرے اثرات چھوڑے تھے۔

یاد رہے کہ بھارت کے ٹی وی پروگرام 'بگ باس' میں شرکت سے شہرت پانے والی اداکارہ ثناء خان نے رواں ماہ اداکاری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

 

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں ثناء خان نے لکھا کہ وہ انسانیت کی خدمت اور اپنے خالق کے حکم کی پیروی کرنا چاہتی ہیں۔ اسی لیے شوبز کو خیر باد کہہ رہی ہیں۔

ثناء خان نے تین زبانوں ہندی، اردو اور انگریزی میں جاری تفصیلی پوسٹ میں اپنے فالوورز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زندگی کے ایک اہم موڑ پر ہیں۔ گزشتہ کئی دن سے وہ اپنے وجود کے اصل مقصد پر غور کر رہی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے یہ سوچ رہی تھیں کہ کیا انسان کے اس دنیا میں آنے کا اصل مقصد صرف دولت اور شہرت کا پیچھا کرنا ہے؟ کیا یہ اس کے فرائض کا حصہ نہیں کہ وہ اپنی زندگی ناداروں کی خدمت میں گزارے؟

تازہ ترین