کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافے کے پیش نظر شہر قائد کے ایک اور ضلع میں مائیکر اسمارٹ ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
کراچی میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر ضلع وسطی ، غربی اور کیماڑی کے بعد ضلع شرقی میں بھی مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کے احکامات جاری کردیے۔
ڈپٹی کمشنر شرقی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گلشن اقبال اور جمشید ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں آج رات 12 بجے سے 31 دسمبر تک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق گلشن اقبال کے سب ڈویژن میں آنے والے علاقوں سوک سینٹر، عیسیٰ نگری، ڈالمیا، پی آئی بی، گلشن 5، پہلوان گوٹھ، جمالی کالونی، گلزار ہجری 12، صفورہ کالونی، فیصل کینٹ کے مخصوص مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
سب ڈویژن جمشید ٹاؤن کے علاقوں اختر کالونی، منظور کالونی، اعظم بستی، محمودآباد، گارڈن ایسٹ، سولجر بازار، پی ای سی ایچ ایس اور جمشید کوارٹر کے مخصوص مقامات پر بھی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
ان علاقوں میں شہریوں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی ہوگا، جبکہ کریانہ، میڈیکل اسٹور اور ضروری اشیاء کی دکانوں کے علاوہ ہر قسم کے کاروبارپر پابندی اور غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
متاثرہ علاقوں میں آمد و رفت پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ آن لائن ٹیکسی سروس یا کسی بھی قسم کا پارسل پہنچانے اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ شہریوں کو گھر یا علاقے سے باہر نکلنے کے لیے وجہ بیان کرنا ہوگی بغیر عذر کسی کو نہیں نکلنے دیا جائے گا، مریض کے ساتھ ایک تیماردار کو جانے کی اجازت ہوگی۔