پشاور ( وقائع نگار ) پاک افغان اساتذہ یونین نے بغیر پیشگی اطلاع اور بنیفٹ افغان مہاجر سکولوں سے اساتذہ کو نوکریوں سے فارغ کرنے کے فیصلہ کے خلاف ورسک روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر پاک افغان اساتذہ یونین کے عہدیدران نے مظاہرے کی قیادت کی۔ مظاہرین نے کہا کہ یو این ایچ سی آر خیبر پختنوخوا انتظامیہ کا افغان مہاجر سکولوں کے ملازمین کے ساتھ ظالمانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یو این ایچ سی آر کے زیر اہتمام تعلیمی اداروں سے عملہ کو بغیر نوٹس فارغ کرنا بین الاقومی قانون کے بھی خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں یو این ایچ سی آر کے زیر اہتمام تعلیمی اداروں میں احتجاج کیا جارہا ہے جس کے بعد بغیر نوٹس نوکریوں سے نکالنے کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پچیس سال سے یو این ایچ سی آر کے تعلیمی اداروں میں ملازمت کرنے والوں کو ایک نوٹس کے ذریعے بے روزگار کرنا ظلم ہے ۔