وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ راجکماری، شہزادہ اور مولانا کی منفی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے، بہروپیوں کا یہ ٹولہ سینیٹ الیکشن میں بھی منہ کی کھائے گا۔
لاہور سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اجتماعات سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھا، اس ٹولے نے بلاجواز عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگایا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 722 نئے کیس سامنے آئے جبکہ ایک دن میں کورونا وائرس کے باعث 46 مریض جاں بحق ہوئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 131428 تک پہنچ گئی ہے جبکہ لاہور میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد 64370 تک بڑھ چکی ہے۔
فردوس عاشق نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر پہلے کی نسبت زیادہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔
اُنہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وائرس میں سنگ دلی دکھانے والے پی ڈی ایم ٹولے کے غبارے سے ہوا نکل چکی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ان عناصر نے عوام کی زندگیوں کو داؤپر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔