• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: موٹرسائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ، شہری جاں بحق

کراچی کے علاقے منگھو پیر میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے کار سوار شہری جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، ملزمان نے فرار ہوتے وقت پولیس پر بھی فائرنگ کی، موقع سے اب تک کوئی گولی کا خول نہیں ملا ہے۔

واقعے کی ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان کو گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق منگھو پیر میں واقع اچانک ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کی جس سے 35 سالہ خدا داد نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔

ایس ایس پی وسطی مرتضیٰ تبسم کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔

فرار ہوتے ہوئے ملزمان کا پولیس سے سامنا ہوا تو اہلکاروں نے موٹر سائیکل سواروں کو مشتبہ جانتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیا جس پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس پر بھی فائرنگ کر دی۔

’جیو نیوز‘ کو حاصل ہونے والی سی سی ٹی فوٹیج میں  موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان کو گاڑی کا تعاقب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔


فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی رکتے ہی ملزمان نے فائرنگ کی، ایک ملزم نے ہیلمٹ اور دوسرے نے کیپ پہن رکھی ہے۔

ملزمان کو فائرنگ کے بعد فرار ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، فائرنگ کے بعد جائے وقوع پر بھگدڑ مچ گئی۔

ایس ایس پی سینٹرل مرتضیٰ تبسم کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، تاحال ملزمان پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے ہیں۔

تازہ ترین