• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ایس ایس امتحان میں کوٹہ سسٹم، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ و قانون انصاف کو نوٹسز جاری

سندھ ہائی کورٹ نے سی ایس ایس امتحان میں کوٹہ سسٹم کے خلاف درخواست پر سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور سیکریٹری قانون وانصاف اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔

سندھ ہائیکورٹ میں شہری کی جانب سے سی ایس ایس امتحان 2021 میں کوٹہ سسٹم کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے کوٹہ سسٹم نافذ کیا گیا جس میں سابق صدر ضیاء الحق اور اس کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اضافہ کیا جس کی مدت 13 اگست 2013 کو پوری ہوچکی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ اوپن میرٹ پر سی ایس ایس کے امتحانات منعقد کروائے جائیں، کوٹہ سسٹم امتیازی سلوک کے مترادف ہے، اور یہ سسٹم آئین کے آرٹیکل 27 ایک، 9، 18، 25 کی خلاف ورزی ہے۔

مذکورہ درخواست میں حکم امتناع کی استدعا بھی کی گئی۔

درخواست کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ درخواست دائر کی گئی ہے، فریقین کو سنے بغیر حکم امتناع کیسے جاری کرسکتے ہیں۔

عدالت نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکریٹری قانون وانصاف، چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمشین، ڈپٹی اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔

تازہ ترین