• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چہرے پر قدرتی چمک لانے کیلئے کس تیل سے مساج کریں؟

موسم سرما کے آتے ہی جلد بے رونق اور کھردری نظر آنے لگتی ہے، باقاعدگی سے کولڈ کریم کے استعمال سے بھی جِلد نَم، نرم اور ہموار نہیں ہوتی بلکہ ہونٹوں سمیت گالوں سے جِلد کا پھٹنا عام شکایت بن جاتی ہے۔

سرد موسم کے دوران ہوا میں خُشکی کی وجہ سے سب سے زیادہ بیرونی جِلد متاثر ہوتی ہے، جِلد کی خوبصورتی اور اس کی رنگت برقرار رکھنے کے لیے تھوڑی سی محنت اور دن میں اگر صرف 5 سے 10 منٹ نکال لیے جائیں تو جلد سے متعلق شکایات سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ 

موسم سرما میں مارکیٹ میں دستیاب مہنگی کریمیں اور کیمیکل والی مصنوعات کے استعمال سے بہتر اور  سستا ترین علاج گھر ہی میں بادام ، کھوپرے اور زیتون کے تیل سے مساج سے کیا جا سکتا ہے جس کا کوئی نقصان بھی نہیں اور نتائج بھی بہترین حاصل ہوتے ہیں۔

ماہرین جِلدی امراض کے مطابق چہرے کی جِلد پر تیل سے مساج کرنے کے نتیجے میں متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں جن میں جلد پر قدرتی طور پر چمک، لالگی اور نکھار آتا ہے اور ایکنی زدہ جلد سے دانوں کا خاتمہ اور داغ دھبوں کا صفایا بھی ہوتا ہے۔

خوبصورتی بڑھانے کے لیے بادام کے تیل کا استعمال

بادام کے تیل کے استعمال کے بے شمار فوائد ہیں اسی لیے اکثر بیوٹی پروڈکٹس بنانے والی کمپنیاں اپنی مصنوعات میں بادام کا  تیل ہونے کا دعویٰ کرتی ہیں کیونکہ یہ جلد کو صحت مند بنانے اور نکھارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بادام کا تیل جلد کو خُشک نہیں ہونے دیتا، روغن بادام ایک قُدرتی موسچرائزر  ہے جو خُشک اور حساس جلد کو ہائیڈریٹ رکتھا ہے، خاص طور پر سردیوں کی خُشک ہوا میں جلد کو خراب نہیں ہونے دیتا۔

بادام کے تیل میں میں شامل وٹامن ای جلد کو سُورج کی تیز روشنی میں جلنے سے بچاتا ہے اور قُدرتی سن بلاک کا کام کرتا ہے، یہ جلد پر پڑنے والی جھریوں کو ختم کرتا ہے اور جلد پر عُمر کے اثرات کو چھپانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

بادام کا تیل جلد کے اسٹریچ مارکس  ختم کرنے میں انتہائی مُفید ہے، بادام کے تیل کا استعمال جسم پر موجود اسٹریچ مارکس کو ختم کرنے کے لیے با آسانی کیا جا سکتا ہے۔

بادام کا تیل استعمال کرنے کا طریقہ

روغن بادام کو کسی بھی موائسچرائزر لوشن میں ملا کر ہاتھوں، بازؤں اور پاؤں پر لگایا جا سکتا ہے۔

چہرے کے استعمال کے لیے روزانہ رات  سونے سے قبل خالص روغن بادام سے چہرے کی جِلد پر اوپر کی جانب مساج کریں۔

چند قطروں کو اپنی انگلیوں کے پوروں پر لگائیں اور چند قطرے اپنے چہرے پر ٹپکا لیں، اب اپنی انگلیوں کی مدد سے چہرے پر گول دائروں میں 5 سے 10 منٹ کے لیے مساج کریں۔

ناریل کا تیل بہترین موائسچرائزر ہے

ناریل کا تیل جلد کے لیے ایک بہترین موائسچرائزر کا کام کرتا ہے، ناریل کے تیل کو جلد پر لگانے سے چہرہ نرم و ملائم اور تروتازہ رہتا ہے اور اس میں یہ خاصیت بھی پائی جاتی ہے کہ یہ بدلتے موسم کے منفی اثرات سے جلد کو بچاتا ہے۔

کھوپرے کا تیل جِلد کو تیزی سے نکھار دیتا ہے، ا س تیل سے بازوؤں اور پاؤں کی بھی مساج کی جا سکتی ہے۔

ان سردیوں میں اپنی جلد کے لیے بہترین موائسچرائزر چاہتے ہیں تو ناریل کے خالص تیل سے روزانہ مساج کریں اور اسے اپنی روٹین میں شامل کر لیں۔

کھوپرے کا تیل سورج کی شعاؤں سے بھی بچاتا ہے، گھر سے باہر نکلنے سے قبل کسی بھی سیرم کے بجائے جِلد پر ناریل کا تیل لگانا بہترین انتخاب ہو سکتا ہے۔

آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا سامنا ہے تو روزانہ ہلکے ہاتھوں سے ناریل کے تیل سے متاثرہ جگہ پر مساج کریں۔

میک اپ صاف کرنے کے لیے ناریل کا تیل بہترین آپشن ہے۔

زیتون کے تیل کا چہرے کی جِلد پر استعمال 

موسم سرما کے دوران فجا میں  میں آلودگی اور مٹی بڑھ جاتی ہے، جس کے نتیجے میں چہرے پر اکثر کیل مہاسے ہوجاتے ہیں، جو مردوں اور خواتین دونوں ہی کے لیے پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق زیتون کے تیل میں نمک ملا کر اسے چہرے پر لگا کر ہلکا سا مساج کر لیا جائے تو  کیل مہاسوں، داغ دھبوں کی شکایت دور ہو جاتی ہے۔

چہرے کی جِلد پر زیتون کے تیل اور نمک کے مساج کے بعد  چہرہ  نیم گرم پانی سے دھولیں، یہ عمل ہفتے میں 3 سے 4 بار دہرائیں، یہ ٹوٹکا کیل مہاسے کم کرنے میں کافی مفید ثابت ہوتا ہے۔

تازہ ترین