• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوبصورت بالوں کیلئے کنڈیشنر گھر میں بنائیں

موسم سرما میں بالوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے اچھے اور معیاری شیمپو کے ساتھ بہترین کنڈیشنر کا استعمال بھی ضروری ہے، کنڈیشنر کے بغیر بال روکھے، سوکھے اور بے جان ہو جاتے ہیں، مگر یہاں یہ جاننا بھی ضروری  ہے کہ بالوں کو نرم ملائم بنانے کے لیے کم سے کم کیمیکل والے کنڈیشنر کا استعمال کرنا چاہیے۔

بالوں کی کئی اقسام ہیں جن میں موسم سرما کے دوران قدرتی خُشک، پتلے، روکھے سوکھے اور بے جان بالوں کے لیے زیادہ مشکلات پیدا ہو جاتی ہیں، بالوں کی ایسی قسم اور ان کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے کنڈیشنر گھر میں بھی بنایا جا سکتا ہے جو کہ بہت سود مند ثابت ہوتا ہے۔

خوبصورت بالوں کے لیے ماہرین کیا تجویز کرتے ہیں ؟

ماہرین کے مطابق لمبے، گھنے  اور چمکدار بال حاصل کرنے کے لیے غذا کا متوازن اور مثبت ہونا نہایت لازمی ہے، بالوں کو اندر سے مضبوط بنانے کے لیے بہتر غذا کا استعمال کرنا چاہیے جبکہ بالوں کی صحت کے ساتھ انہیں مزید خوبصورت بنانے کے لیے کیمیکل سے پاک گھر میں بنے کنڈیشنر کا استعمال کیا جا سکتا ہے، پتلے بالوں پر مارکیٹ میں دستیاب کیمیکل والی مصنوعات کا استعمال بالوں کو مزید خراب کر سکتا ہے۔

بالوں کی صحت  کے لیے پروٹین لازمی قرار دیا جاتا ہے، انڈے میں پروٹین کی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے جو قدرتی طور پر نہ صرف بالوں کی نشونما کرتی ہے بلکہ انہیں چمکدار بھی بناتی ہے، براہ راست بالوں پر انڈا لگانے سے اس کی زردی بہترین قدرتی موئسچرائزر کا کام کرتی ہے اور اسے بطور غذا استعمال کرنے سے بھی بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

بال دھونے کے بعد کنڈیشنر استعمال کرنا اچھا عمل ہے، کنڈیشنر بالوں پر ایک ہلکی سی تہہ بنا دیتا ہے جس سے بالوں کو موسم کی سختیوں سے اور خشکی سے محفوظ رہنے میں مدد ملتی ہے اور بالوں کنگھا کرنے میں بھی آسانی ہوتی ہے۔

بالوں کو کنگھا کرنے کے لیے ایک معیاری او اچھا برش یا کنگھا بہت اہم ہوتا ہے،  قدرتی ریشوں سے بنے برش استعمال کرنا زیادہ سود مند ثابت ہوتے ہیں، اچھی طرح کنگھا کرنے سے سر کی جلد میں موجود قدرتی تیل کو یکساں طور پر پھیلانے میں مدد ملتی ہے اور سخت اور نوکیلی کنگھی استعمال کرنے سے سر کی جلد متاثر ہوتی ہے۔


کنگھے کی صفائی بھی نہایت ضروری ہے، اسی لیے اپنے برش یا کنگھے کو ہر دو سے تین  دن بعد دھو لینا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق سر کی جِلد سے قدرتی طور پر تیل نکلتا ہے اور یہ ہمارے سر کی جلد کو نم رکھتا ہے،  سر کی جلد پر کنڈیشنر لگانے مسام بند  ہوجاتے ہیں جو کہ بالوں کی نشونما میں رکاوٹ بن سکتے ہیں، اس لیے کنڈیشنر کبھی بھی بالوں کی جڑوں میں نہ لگایا جائے۔

موسم سرما میں  خُشک اور روکھے بالوں کے لیے گھر میں بہترین اور آزمودہ کنڈیشنر بنایا جا سکتا ہے جس کا آسان طریقہ مندرجہ ذیل ہے:

ایک عدد انڈے میں ڈیڑھ چائے کا چمچ زیتون کا تیل شامل کر لیں، اب اسے  اتنا پھینٹیں کہ جھاگ دار بن جائے، بالوں کو شیمپو کرنے کے بعد اس کنڈیشنر کو بالوں کی جڑوں سے سروں تک لگائیں اور پندرہ منٹ بعد پانی سے بالوں کو اچھی طرح دھولیں۔

بالوں کو کنڈیشن کرنے کے لیے مایونیز بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جس کے بہترین نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

اس طریقے کے ذریعے بالوں کو کنڈیشن کرنے کے لیے انڈے کو اچھی طرح پھینٹ لیں اور اب اس میں ایک چوتھائی کپ مایونیز، ایک چمچ زیتون کا تیل اور ایک چمچ سیب کا سرکہ شامل کر کے اچھی طرح سے پھینٹ لیں۔

اگر آپ کے بال قدرتی طور پر چکنے ہیں تو اس ماسک کو سر کی جلد پر لگانے سے گریز کریں، بالوں پر یہ ماسک لگانے کے بعد اچھی طرح سے مساج کریں اور بالوں کو کسی تھیلی یا شاور کیپ سے ڈھانپ لیں، اب پندرہ منٹ کے بعد بالوں کو اچھی طرح سے کسی مائیلڈ شیمپو سے دھو لیں۔

تازہ ترین