• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرانوالہ نے ہمیشہ تحریکوں میں اہم کردار ادا کیا: سراج الحق

جماعت اسلامی پاکستان حکومت مخالف تحریک کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج گوجرانوالہ میں جلسے سے کر رہی ہےاس حوالے سے امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کاکہنا ہے کہ گوجرانوالہ پہلوانوں کا شہر ہے اور اس شہر نے ہمیشہ تحریکوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کے جلسے سے قبل امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق نے مریدکے میں نمازِ جمعہ ادا کی، نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد وہ ’جیو نیوز‘سے آج کے جلسے کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے۔

امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ 22 کروڑ عوام ایک دلدل میں پھنس چکے ہیں، ملک میں ظلم ہو رہا ہے، ہم مایوسی میں امید کی شمع جلانے جا رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی اس وقت عروج پر ہے،کوئی استعفیٰ دے یا نہ دے اس سے غریب عوام کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم ظلم کے اس نظام کو بدلنا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں غریب کے لئے ہر دروازہ کھلا رہے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی حکومت مخالف تحریک کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج گوجرانوالہ میں جلسے سے کرے گی، جماعت اسلامی نے بھی دوسرے مرحلے کے اختتام پر لانگ مارچ یا دھرنے کی طرف جانے کا اشارہ دے دیا ہے۔


گوجرانوالہ میں جلسےسے امیرِجماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے، جلسے کی تیاریاں اسپورٹس اسٹیڈیم میں مکمل ہو چکی ہیں۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات جماعتِ اسلامی نے ’جیو نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مخالف تحریک کے دوسرے مرحلے کے اختتام پرجماعت اسلامی بھی لانگ مارچ یا دھرنے کی طرف جا سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مشاورت کے لیے یکم جنوری کو شوریٰ کا اجلاس بلایا گیا ہے، شوریٰ کے اجلاس میں لانگ مارچ یا دھرنے کا حتمی فیصلہ ہو گا۔

تازہ ترین