• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمارٹ فون کی کاکردگی بہتر بنانے کی چند آزمودہ ٹپس

آج کل کے ڈیجیٹل دور میں ہر انسان کے ہاتھ میں موبائل فون نظر آتا ہے جس کے بغیر گزارا بھی ممکن نہیں ہے، جہاں اسمارٹ فونز زندگی آسان بناتے ہیں وہیں اس کی کارکردگی سے جڑے کچھ مسئلے پریشانی کا سبب بھی بنتے ہیں جن سے با آسانی گھر ہی میں چند آزمودہ ٹپس پر عمل کر کے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

اسمارٹ فون کی کارکردگی اور لائف بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل ڈیوائسز اور گیجیٹ ماہرین کی جانب سے تجویز کی گئی چند مفید ٹپس مندرجہ ذیل ہیں جن پر عمل کر کے موبائل فونز سے جڑی متعدد مشکلات سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اپنے اسمارٹ فون کی اسٹوریج یعنی میموری کے مطابق ہی اس میں فائلز اور ڈیٹا محفوظ رکھنا چاہیے، اگر اسمارٹ فون کی میموری کم اور اور ڈیٹا اسٹوریج پہلے ہی استعمال میں ہے تو اس میں مزید ڈیٹا محفوظ کرنے کے بجائے فون میں موجود ڈیٹا پہلے کسی ڈرائیو میں محفوظ کر کے فون خالی کر لیں، اس کے بعد اس میں نیا ڈیٹا اسٹور کریں۔

اگر فون میں ایس ڈی کارڈ موجود ہے توکوشش کریں سارا ڈیٹا ’ایکسٹرنل اسٹوریج‘ یعنی میموری کارڈ میں رکھیں، فون میں زیادہ ڈیٹا سیو رکھنے  کے سبب فون کی کارکردگی متاثر اور اسمارٹ فون بار بار ہینگ ہو سکتا ہے۔

موبائل فون استعمال کرنے کے بعد ایک بار ریفریش ضرور کر لیں، اس سے بیک گراؤنڈ چلنے والی متعدد ایپلکیشن چلنا بند ہو جاتی ہیں اور موبائل کی کارکردگی تا دیر بہتر رہتی ہے اور نہ ہی موبائل کی اسپیڈ چلنے میں آہستہ ہو جاتی ہے۔

انٹرنیٹ کنیکشن ہمیشہ وہ استعمال کریں جس کے سگنلز آپ کے علاقے میں بہتر ہوں، سُست انٹرنیٹ کنیکشن بھی فون کی لائف گھٹاتے ہیں۔

موبائل میں صرف وہ ایپلیکیشنز رکھیں جو واقعی استعمال میں آتی ہوں،  ایسی ایپس پر نظر رکھیں جو موبائل ریسورسز کا بہت زیادہ استعمال کرتی ہیں اور پھر اُن کو اپنے موبائل سے ڈیلیٹ کر دیں اگر وہ بِلٹ اِن ایپس ( مطلب جو ایپس فون کےساتھ آتی ہیں خود انسٹال نہیں کی جاتی) اُن کو ڈِس ایبل کر دیں، اِس کے علاوہ وِجِٹس اور لائو وال پیپرز کے استعمال سے بھی اجتناب کریں۔

فون مسلسل چارجنگ پر نہ لگا رہنے دیں، جیسے ہی فون کی چارجنگ 20 فیصد پر پہنچے اُسے فوراً چارجنگ پر لگا لیں اور فون کو آدھا چارج ہونے کے بعد کبھی بھی استعمال نہ کریں، جب تک موبائل بیٹری 100 فیصد نہ ہو جائے اسے چارجنگ پر لگا رہنے دیں۔

بیٹری کا لائف اسپین (مطلب وہ عرصہ جس میں بیٹری ٹھیک کام کرتی ہے) بڑھانے کے لیے ماہرین کی جانب سے بیٹری کی چارجنگ کو 20 سے 80 فیصد کے درمیان رکھنا بھی لمبی بیٹری لائف کے لیے مفید قرار دیا جاتا ہے۔

موبائل کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں اور اس کی اسکرین اور باڈی کی حفاظت کے لیے اسکرین پروٹیکٹراور موبائل کَوور چڑھا کر رکھیں۔

موبائل کو بار بار گرنے سے بچائیں۔

ہوم سکرین پر آئکنز کم سے کم رکھیں۔

ایپس کے لائٹر وَرژنز انسٹال کریں۔

اگر بلو ٹوتھ کا استعمال نہیں کر رہے تو اِس کو ہمیشہ آف ہی رکھیں۔


ٹیکنالوجی کے ماہرین کے مطابق ہر شخص کو اپنے اسمارٹ فون کو ہفتے میں ایک مرتبہ کم سے کم ایک منٹ تک بند رکھنا چاہیے، ری اسٹارٹ کے بجائے ہفتے میں ایک بار فون پاور آف ضرور کریں۔

ہفتے میں اسمارٹ فون کو ایک بار پاور آف کرنے کی بے شمار وجوہات ہیں، ایسا کرنے سے اسمارٹ فون کی میموری، بیٹری اور اس کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔

تازہ ترین