• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ سے آئے بہت سے لوگ ٹریس ہو گئے، ڈاکٹر نوشین حامد


پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ برطانیہ سے آئے افراد کو ٹریس کرکے ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، بہت سارے لوگ ٹریس ہوگئے ہیں اور ان کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔حالیہ دنوں میں برطانیہ سے آئے افراد کا ڈیٹا مقامی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر کو دے دیا گیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری صحت نوشین حامد نے کہا کہ ابھی سائنسی شواہد نہیں کہ برطانیہ سے کورونا وائرس پاکستان آیاہو۔

ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ کورونا وائرس ویکسین حکومت منگوائے گی جس کے لیے 150 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔حکومت جو ویکسین منگوائے گی وہ عوام کو بالکل مفت دی جائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ویکسین محکمہ صحت کے پروفیشنلز کو مفت لگائی جائے گی جبکہ 65 برس سے زیادہ کے افراد کو بھی یہ ویکسین مفت ہی لگائی جائے گی۔

ڈاکٹر نوشین حامد نے یہ بھی کہا کہ پرائیوٹ سیکٹر کو بھی ویکسین منگوانے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ پرائیوٹ سیکٹر کے ذریعے منگوائی گئی ویکسین بھی کم دام میں ملے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ویکسین ساز کمپنیوں کا اندازہ یہی ہے کہ ویکسین وائرس کی نئی شکل پر بھی موثر ہوگی۔


تازہ ترین