رواں سال 29 اپریل کو اِس دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کی آخری فلم ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ سال نو یعنی 2021 میں ریلیز ہوگی۔
بالی ووڈ کے تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں اس خبر کا اعلان کیا ہے۔
اُنہوں نے ٹوئٹر پر عرفان خان کی آخری فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’عرفان کی آخری فلم ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ 2021 میں ریلیز ہونے والی ہے۔‘
بھارتی تجزیہ کار نے بتایا کہ ’اداکار کی اس آخری فلم کے ہدایتکار انوپ سنگھ ہیں جبکہ عرفان خان نے اس فلم میں اونٹوں کے تاجر کا کردار ادا کیا ہے۔
اس سے قبل عرفان خان کے بیٹے بابیل نے انسٹاگرام پر اپنے والد کی فلم ’دی سانگ آف اسکورپینز ‘ کی ایک یادگار تصویر شیئر کی تھی۔
بابیل نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے والد کی بارش سے متعلق جذباتی وابستگی کے بارے میں بتایا تھا۔
عرفان خان کے بیٹے نے کہا تھا کہ ’میرے والد کا بارش سے ایک الگ ہی تعلق تھا جو وہ لفظوں میں بیان کرنے سے قاصر تھے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’بارش سے والد کی جو گہری اور جذباتی وابستگی تھی وہ میں اپنے تجربات کو جمع کرکے بھی تحریر کرنا چاہوں تو میرے لیے ناقابلِ بیان ہوگا۔‘
واضح رہے کہ رواں سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔