وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ پاکستان کے شمالی علاقے خاص طور پر گلگت بلتستان سیاحت کے لیے بہترین ہے۔
آج وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ اعلی گلگت بلتستان خورشید خالد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی و فروغ، اس صنعت میں مقامی لوگوں کے لیے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع کی فراہمی، ماحول دوست سیاحت پر خصوصی توجہ، گلیشئیر اور جنگلات کی حفاظت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان میں خوبصورت ترین علاقے ہیں جو قدرتی حسن سے مالامال ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جدید سہولیات فراہم کرکے ان علاقوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
وزیرِ اعلی گلگت بلتستان خورشید خالد نے وزیر اعظم کو اس ضمن میں گلگت بلتستان حکومت کی طرف سے آئندہ فروری میں منعقد ہونے والے سکیئنگ کے مقابلوں کے بارے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران گلگت میں معدنیات کے ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔