اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم اب بھی پارٹی قائد نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کو بچانا ہے تو نیا الیکشن کروانا ہوگا۔
نارووال میں پارٹی تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران میں نے کہا تھاکہ عمران خان اناڑی اور نالائق ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری بات کی تصدیق خود عمران خان نے کردی، اب اناڑی خود چیخ اٹھا ہے کہ مجھے نہیں پتا حکومت کیسے چلاتے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آج 21 کڑور لوگ وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، پی ٹی آئی کے ووٹر اور سپورٹر بھی جھولیاں اٹھا اٹھا کر عمران خان نیازی کو بدعائیں دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا اور عثمان بزدار کو صوبے پر مسلط کردیا گیا، عمران خان کے وسیم اکرم پلس نے پنجاب کو برباد کردیا ہے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ اگر ہمیں پاکستان کو بچانا اور مضبوط بنانا ہے تو اس کرپٹ حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا، ہمیں ووٹ کو عزت دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم قائد نواز شریف کے بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان اس ملک کی بربادی کی علامت بن چکا ہے، ملک بچانا ہے تو نیا الیکشن کروانا ہوگا۔