وفاقی حکومت نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دے دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ کی شر انگیز تقاریر پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وفاقی حکومت نے وزارت داخلہ کو مفتی کفایت اللّٰہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دے دی۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شبلی فراز نے مفتی کفایت اللّٰہ کے خلاف مقدمے کے اندراج کی خبر کی تصدیق کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا ڈس انفارمیشن سیل پاکستان کیخلاف منفی تاثر دے رہا تھا، پاکستان کے خلاف غلط خبریں پھیلا رہا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہماری حکومت آتے ہی پروپیگنڈا کیا گیا کہ ہم فیل ہوچکے ہیں، آج کل بھارت کے ڈس انفارمیشن سیل کی باتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے دہرائی جارہی ہیں، اس منظم کمپین کا مقصد ملک کو کمزور کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور جے یو آئی (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ کی جانب سے بھارتی بیانیے پر مبنی گفتگو کی گئی۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ان لوگوں کے بیانات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے، ہم انہیں مانیٹر کررہے ہیں، کون کون حسین حقانی سے منسلک ہے یہ رپورٹس ہمیں مل رہی ہے۔
انہوں نےکہا کہ مفتی کفایت اللّٰہ نےجو باتیں کیں وہ انتہائی شرمناک ہیں، آپ کی گفتگو سے دشمن خوش ہورہا ہے، بھارت جو کام کررہا ہےآپ اس کے دانستہ غیردانستہ آلہٰ کار بن گئے ہیں۔