• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا وزیراعلیٰ سندھ پر گیس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کا الزام


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ شہری کسی صوبے کا نہیں پاکستان کا ہے، پہلی ترجیح شہریوں کو گیس کی فراہمی ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں ندیم بابر نے کہا کہ چاہتے ہیں افہام وتفہیم سے معاملہ حل ہو، ملک میں دسمبر کے آخری ہفتے اور جنوری کے پہلے 2 ہفتوں میں گیس کی ڈیمانڈ بڑھ جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک، کمرشل اور صنعتوں کی شیڈول لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی،کچھ جگہوں پر پریشر کے مسائل پہلے سے موجود ہیں۔


وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سی این جی سیکٹر میں جنوری میں بھی گیس 3 سے 4 دن بند رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کل میڈیا کے ذریعے سے پتا چلا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو خط لکھا ہے، اگست میں سی سی آئی میں سندھ کے آرٹیکل 158 کے ایجنڈے پر میں نے بریفنگ دی تھی۔

ندیم بابر نے وزیراعلیٰ سندھ پر گیس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کا الزام لگایا اور کہا کہ ہم ایک لائحہ عمل بنارہے ہیں کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو گیس ملے۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کے بعد جو گیس بچے کی وہ صنعتوں کو دی جائے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت 2500 کیوبک فٹ گیس پیدا کررہی ہے، جس میں صرف 100 کیوبک فٹ گیس سندھ سے باہر جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوئی ناردرن سندھ میں ہی 2 پاور پلانٹس کو گیس دے رہا تھا، 1500 ملین کیوبک فٹ ایل این جی بھی سالانہ سندھ میں ہی جارہی ہے۔

تازہ ترین