وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو عدالت کے سوالات کا جواب تو دینا ہی پڑے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی بابر اعوان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن ہمارے سوال کا بے شک جواب نہ دے لیکن اگر عدالت سوال کرے تو آپ کو جواب دینا پڑے گا ۔
انہوں نے کہا کہ کل سینیٹ میں ہم ان سے سوالات پوچھیں گے لیکن کم ہی امید ہے کہ وہ جواب دیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ان لوگوں نےاداروں کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا، ملک سے دولت باہر لے گئے اور عوام کو غریب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں کی توجہ صرف پیسہ بنانے پر رہی، سب قانون کے ماتحت ہیں، عام شہری جواب دیتا ہے آپ کو بھی دینا ہوگا۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے کوشش کی گئی ہے کہ پارلیمنٹ فورم کو سیاہ کاریاں چھپانے کیلئے استعمال کیا جائے۔
انہوں نےکہا کہ ماضی میں حکمرانوں نے اپنے فائدے کیلئے ملک کو استعمال کیا، ہم تعداد میں کم ہیں لیکن ہم سینیٹ میں بیٹھیں گے۔