اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ2020میں ملک نے نہیں مافیاز نے خوب ترقی کی۔ کشمیر پر جنگ کے بغیر پسپائی سے لے کر تعلیم ، صحت اور زراعت کی تباہی تک حکومت نے ناکامی اور بیڈ گورننس کی ہرمثال قائم کی ۔دہشتگردی کے واقعات بڑھے ، خواتین و بچوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ۔ حکمرانوں نے گزشتہ پانچ ماہ میں 4.6 ارب ڈالر قرض لے کر 73 سالہ ریکارڈ توڑا اور ملک کی آزادی و خود مختاری کا آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے ہاتھوں سودا کیا۔ پی ٹی آئی کہتی ہے کہ فوج اورحکومت ایک پیج پر ہیں میں کہتاہوں کہ قوم اور فو ج کو ایک پیج پر ہوناچاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے نافع (نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن ) کے زیراہتمام منصورہ میں جاری تعمیر سیرت کیمپ سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔