قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی انجری کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے۔
بابر اعظم کی غیر موجودگی میں قومی کرکٹر محمد رضوان قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
بابراعظم انجری کے باعث دورہ نیوزی لینڈ میں ایک بھی میچ نہ کھیل سکے، پریکٹس سیشن میں بابراعظم کا دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوا تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ پہنچنے پر بابراعظم نے گزشتہ روز اور آج بھی مکمل نیٹ سیشن کیا، نیٹ کےدوران بابراعظم نےانگوٹھےمیں ہلکا درد محسوس کیا، ٹیم منیجمنٹ نےکوئی بھی خطرہ مول نہ لینےکا فیصلہ کیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ پرامید ہیں بابراعظم جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔
یادرہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے شروع ہورہا ہے، دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔