• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے شاداب آؤٹ، ظفر گوہر اِن

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ  میچ سے باہر ہوگئے ہیں، اُن کی جگہ ظفر گوہر کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد اپنی بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی، میچ میں پاکستان نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

شاداب خان کا ایم آر آئی اسکین جمعرات کو ترنگا میں کروایا جائے گا، جس کی رپورٹ کے بعد ہی ان کی انجری کی اصل نوعیت سامنے آئے گی کہ انہیں کرکٹ میں واپسی کے لیے کتنا وقت درکار ہے۔


شاداب خان 26 سے 30 دسمبر تک ماؤنٹ منگنوئی میں شیڈول نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں، لہٰذا ٹیم منیجمنٹ نے ظفر گوہر کو بطور متبادل اسپنر پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

ظفر گوہر نے ہملٹن سے بذریعہ بس قومی ٹیسٹ اسکواڈ کو ترنگا میں جوائن کرلیا ہے۔ ظفر گوہر ابتدائی طور پر پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا حصہ تھے ۔

ظفر گوہر نے گزشتہ سال کھیلی گئی قائداعظم ٹرافی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ سنٹرل پنجاب کی نمائندگی کرنے والے اسپنر نے ٹورنامنٹ میں 38 وکٹیں حاصل کی تھیں، وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھے۔

رواں سال نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں ظفر گوہر نے مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کی تھیں تاہم وہ قائداعظم ٹرافی میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔

25 سالہ اسپنر اب تک 39 فرسٹ کلاس میچوں میں 144 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، وہ 6 مرتبہ ایک اننگز میں 5 جبکہ 2 مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔

پاکستان کا نیا ٹیسٹ اسکواڈ:

محمد رضوان (پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان)، سرفراز احمد، ظفر گوہر، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف۔ بابراعظم، امام الحق اور شاداب خان انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔

پاکستان شاہینز کا نیا اسکواڈ:

روحیل نذیر (کپتان، وکٹ کیپر)، حیدر علی،ذیشان ملک، عماد بٹ، دانش عزیز، افتخار احمد، خوشدل شاہ،حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رؤف، عثمان قادر،وہاب ریاض، موسیٰ خان اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔

شیڈول:

26 تا 30 دسمبر: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ بمقام ماؤنٹ منگنوئی

27 دسمبر: پاکستان شاہینز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ ناردرن نائٹس بمقام ہملٹن

29 دسمبر: پاکستان شاہینز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ ویلنگٹن فائر برڈزبمقام ویلنگٹن

یکم جنوری: پاکستان شاہینز کا تیسرا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ کینٹر بری بمقام لنکن

3 تا 7جنوری: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ، بمقام کرائسٹ چرچ

3 جنوری: پاکستان شاہینز کا چوتھا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ نیوزی لینڈ الیون، بمقام لنکن

5 جنوری: پاکستان شاہینز کا پانچواں ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ نیوزی لینڈ الیون، بمقام لنکن

پاکستان شاہینز کا اسکواڈ 7 جنوری جبکہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ 9 جنوری کو پاکستان روانہ ہوگا۔

تازہ ترین