• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید نے نادرا آفس میں ٹوکن کیوں لیا؟

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں نادرا آفس کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے سسٹم چیک کرنے کے لیے ٹوکن بھی حاصل کیا۔

راولپنڈی میں نادرا آفس کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 لاکھ غیر قانونی رہائش پذیر افغانوں کے کارڈ بلاک کیئے ہیں، افغانستان کے 15 لاکھ رجسٹرڈ مہاجرین کو رہنے کی اجازت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پاسپورٹ کی 16 فروری کو میعاد ختم ہونے پر اس کی توسیع نہیں ہو گی، پیپلز پارٹی جیت گئی، پی ڈی ایم نے شکست تسلیم کر لی، پیپلز پارٹی نے ان کے گھٹنے جھکا دیئے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہم کرپشن کریں تو ہمارے خلاف بھی نیب ایکشن لے، عمران خان حکومت چھوڑ سکتے ہیں مگر این آر او کے آگے سرینڈر نہیں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ چین اور افغانستان کا مینوئل ویزا ختم کر دیا، ایک دن میں ویزے کے لیے 2 لاکھ آن لائن درخواستیں آئیں۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ملکی اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، پشاور کا دورہ کر آیا ہوں، اسلام آباد کا دورہ بھی کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ جس دن یہ لانگ مارچ کی تاریخ بتائیں گے ہم قانونی و آئینی حق جَتائیں گے، 20 فروری کے نزدیک سیاست کھلنے کی بات پر قائم ہوں۔


شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ڈائیلاگ کا راستہ کھلا نہ رکھنے والا سیاستدان کم عقل ہے، مولانا فضل الرحمٰن کے چہرے کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمٰن کو اسلام اور اسلام آباد کا احترم ملحوظِ خاطر رکھنا چاہیئے، مولانا کی سیاست الٹ گئی ہے، ان کے ستارے گردش میں ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے سارے استعفے لاکر میں رکھے ہیں، میں نے کبھی صوبوں کی سیاست نہیں کی۔

تازہ ترین