وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ لیگی نائب صدر چاند پر تھوکنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
اپوزیشن اتحاد کی بہاولپور ریلی میں پی ڈی ایم لیڈروں کی تقاریر پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس اعوان نے کہا کہ مریم نواز کو عام آدمی کے مسائل کا علم ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز چاند پر تھوکنے کی کوشش کرہی ہے، بہاولپور کے عوام ’ن لیگ ‘ سے نظر انداز کرنے کا حساب مانگ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ملکی سالمیت کو داؤ پر لگا کر سیاست کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز ماڈل ٹاؤن کے قاتل کو ساتھ کھڑا کر کے کس منہ سے انصاف کی بات کرتی ہیں۔
فردوس اعوان نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز دعوے نہ کریں اب استعفوں کے وعدوں اور اعلانات پر عمل کریں، بہاولپور نے بھی وہی فیصلہ دیا جو لاہور دے چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو سرٹیفائیڈ جعل ساز ہیں اب وہ منتخب وزیراعظم اور اسمبلیوں کو جعلی کہہ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نےکہا کہ فضل الرحمٰن کو کشمیر پر بات کرتے ہوئے کوئی شرم بھی نہیں آتی۔
ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمٰن نے حکومت کے خلاف مذہب کا کارڈ استعمال کرنے کی مذموم حرکت کی، مدرسوں کے طلبا کو اسلام کے نام پر حکومت کے خلاف مشتعل کیا گیا۔
فردوس اعوان نے کہا کہ مدارس کے بچوں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا سفاکی اور ملک سے غداری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن دھونس اور اپنے مدارس کے طلبا کی طاقت کے استعمال کو جمہوریت سمجھتے ہیں۔