• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری اور بلاول کی سوچ میں فرق، وہ صاحبزادے کو سکھارہے ہیں، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف علی زدراری اور بلاول بھٹو زرداری کی سوچ میں فرق ہے، سابق صدر اپنے صاحبزادے کو انگلی پکڑ کر آگے لے جارہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میری آصف زرداری سے گپ شپ نہیں ہے، وہ سکھا رہے ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان سے متعلق کہا کہ اسامہ ستی کے قتل کا مقدمہ دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج ہوا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ واقعہ افسوسناک ہے، جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہمیں مدعی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، میں مدعی کے ساتھ کھڑا ہوں، ورثاء کا ہائی کورٹ کے جج سے تحقیقات کا مطالبہ مان لیا ہے۔


انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین سے متعلق اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے پوچھیں کہ کس دن استعفے دینا ہیں اور کب لانگ مارچ کرنا ہے؟

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ یہ استعفے نہیں دے رہے، لانگ مارچ جب ہوگا تب دیکھا جائے گا، ابھی تو بہت دن پڑے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ فضل الرحمٰن دھرنے میں مدرسے کے طلباء کو لارہے ہیں، تمام معتبرین بھی مر جائیں، جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کام نہیں بننا۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ اسلام آباد آئیں گے تو ہم بھی دعا تعویز کریں گے، آصف زرداری سیاست میں چھٹا بحری بیڑا ہے، جس نے کرمنلاجی میں پی ایچ ڈی کی ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ آصف زرداری نے چھاتی سے تاش لگا کر رکھی ہے اور وہ کھیل رہا ہے، فضل الرحمٰن جسے ناجائز اسمبلی کہتے ہیں اس کی صدارت کے امیدوار تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمٰن کسی صورت ان ہاؤس تبدیلی یا عدم اعتماد کی تحریک کی طرف نہیں جائے گا، وہ لڑائی چاہتا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہاکہ عمران خان نےکہہ دیاہے جب تک ہوں کوئی بھی فیصلہ کرسکتا ہوں، این آر اونہیں دونگا، سینیٹ میں پی ٹی آئی کی دوتہائی اکثریت ہوگئی تو 18ویں ترمیم میں ضرور ترمیم لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں بھی بعض لوگ 18ویں ترمیم میں غور کی بات کرتے ہیں، نواز شریف کی واپسی کی کوشش جاری ہے، لیکن ہوا کچھ نہیں۔

شیخ رشید نے استفسار کیا کہ نواز شریف تو وطن واپس نہیں آرہے ہیں تو کیا اُن کا پاسپورٹ لندن جا کر رینیو کردیں؟ 16 فروری کو نواز شریف کا پاسپورٹ ختم کردیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کو میں نے نہیں بھیجا میں وزیر داخلہ نہیں تھا، میں نے نواز شریف کے حق میں ووٹ دیا کہ اسے جانے دو۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایک سال تک مریم نواز اور نواز شریف چپ کا روزہ رکھے رہے۔

تازہ ترین