پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سیاسی سرگرمیوں کے دوران بھی اپنی نواسی کے لیے وقت نکال لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز اپنی نواسی سیرینا کے لیے کھلونے خرید رہی ہیں جبکہ وہ کھلونے اپنی نواسی کو ویڈیو کال کے ذریعے موبائل سے دکھا بھی رہی ہیں۔
ایک اسٹور میں مریم نواز اپنی نواسی سے موبائل فون پر بات کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ ’میں نے آپ کے لیے لال چپس لیے ہیں، آپ دیکھنا چاہتی ہیں؟‘۔
اس کے بعد مریم نواز اسٹور میں ایک دیوار کی جانب جاتی ہیں جہاں بچوں کا کھلونا ڈاکٹر سیٹ دیوار پر لٹکا ہوا ہے۔
یہاں مریم نواسی کو اپنے موبائل سے اس ڈاکٹر سیٹ کو دکھاتی ہیں اور کہتی ہیں کہ ’کیا آپ کو ڈاکٹر سیٹ چاہیے، یا پھر آپ کو بس چاہیے؟۔‘
مذکورہ ویڈیو ثانیہ عاشق نامی ایک خاتون نے شیئر کی اور اس میں انھوں نے لکھا کہ بہاولپور سے لاہور واپس جاتے ہوئے مریم نواز نے راستے میں کہیں رک کر یہ چیزیں خریدی تھیں۔
دوسری جانب خود لیگی نائب صدر نے بھی ٹوئٹر پر اس پیغام کو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے اپنے نانی ہونے پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور اللّٰہ تعالیٰ کا شکر بھی ادا کیا۔