اسلام آباد (آئی این پی)انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ سرینگر ہائی وے پر شمس کالونی میں رات گئے نسٹ یونیورسٹی کے قریب واقع سیکٹر ایچ الیون میں اپنے دوست کو چھوڑ کرگھر واپس آنے والے نوجوان کی گاڑی پرپولیس کے اے ٹی ایس سکواڈ کی فائرنگ لمحہ فکریہ ہے اور یہ عمل انسانی حقوق کے سراسر خلاف ہے ۔ تنظیم نےواقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آئے روز ایسے کیسز سامنے آرہے ہیں اور یہ عمل پریشان کن ہے کہ خود قانون کے رکھوالے ، اِس وقت قانون توڑنے میں لگے ہیں جو کہ افسوس ناک ہے۔تنظیم نے مزید کہا کہ یہ پہلا ایسا واقع نہیں ہے بلکہ اِس سے پہلے بھی بہت مرتبہ ایسے واقعات دیکھنے کو ملے جس میں خود پولیس نے اپنی وردی کا غلط طریقے سے استعمال کیا ، مثلاً ساہیوال میں پیش آنے والے واقعہ جس میں سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کی فائرنگ کی وجہ سے 2خواتین سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ دو بچے معمولی زخمی ہوئے تھے۔تنظیم نے کہا کہ حکومت پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اِس بارے ایک موثر حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے ۔